لیہ پولیس نے سال 2025 کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور اور مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے 25 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ریکوری کی۔ سال بھر میں مجموعی طور پر 11,041 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 12,973 ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا گیا۔
قتل کے 30 مقدمات میں 61 ملزمان کو چالان عدالت کیا گیا جبکہ اقدامِ قتل کے 77 مقدمات میں 202 ملزمان گرفتار ہوئے۔ بلائنڈ مرڈر کے 3 سفاک قاتلوں کو بھی گرفتار کرکے چالان عدالت پیش کیا گیا۔ قمار بازی میں ملوث 34 افراد کو بھی پابندِ سلاسل کیا گیا۔
منشیات کے خلاف کارروائیوں میں 442 مقدمات درج کیے گئے، جن میں 76 کلوگرام چرس، 52 کلوگرام ہیروئن، 1,251 بوتل شراب، 5,187 لیٹر شراب، 9.5 کلوگرام بھنگ، 256 کلوگرام پوست اور 1.112 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔
ناجائز اسلحہ کے خلاف کریک ڈاؤن میں 277 ملزمان گرفتار ہوئے جبکہ 231 پسٹل، 19 رائفل، 2 کلاشنکوف اور 684 گولیاں برآمد کی گئیں۔ اسی طرح 38 گینگز کے 120 خطرناک ملزمان کو گرفتار کرکے 5 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی ریکوری کی گئی۔
برآمد شدہ اشیاء میں 58 مویشی، 49 موٹرز، سولر پلیٹس، کار، ٹرانسفارمرز، پیٹر انجن، 25 موٹر سائیکلز، موبائل فونز اور زیورات شامل ہیں۔
ڈی پی او لیہ حسن جاوید بھٹی کے مطابق شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے آئندہ سال بھی ٹھوس اقدامات جاری رہیں گے، جبکہ ضلع لیہ کو منشیات سے مکمل طور پر پاک اور کرائم فری بنانے کے لیے لیہ پولیس پُرعزم ہے

