ڈیرہ غازی خان (لیہ میڈیا ہاؤس) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان میں ماحولیاتی تحفظ اور شہریوں کو جدید سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے الیکٹرک بس سروس کے منصوبے پر عملی پیش رفت جاری ہے۔
اس حوالے سے کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری سے نیس پاک (NESPAK) اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے ملاقات کی، جن میں علی رضوان، ہارون رشید، طارق اور نعیم (نیس پاک) شامل تھے۔ اجلاس میں منصوبے کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جن میں ممکنہ روٹس کی نشاندہی، چارجنگ اسٹیشنز کا قیام، بس اسٹاپس کی جگہوں کا تعین اور ٹریفک مینجمنٹ کے انتظامات شامل تھے۔
حکام نے شہر کے بنیادی ڈھانچے اور ٹرانسپورٹ کے موجودہ نظام پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو آرام دہ اور کم لاگت سفر میسر آئے گا، جبکہ ماحولیاتی آلودگی میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔
کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اس منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل دیکھنا چاہتی ہیں اور ضلعی انتظامیہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک بس سروس سے ڈیرہ غازی خان جدید شہری سہولیات سے آراستہ شہروں کی صف میں شامل ہوگا اور یہ پائیدار ٹرانسپورٹ سسٹم کی طرف ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔
نیس پاک کے ماہرین کے مطابق، منصوبے کے پہلے مرحلے میں شہر کے اہم تجارتی اور رہائشی علاقوں کو آپس میں جوڑنے والے روٹس کو ترجیح دی جائے گی۔