لیہ (نمائندہ خصوصی) — تھانہ چوبارہ کی حدود میں واقع اڈہ رفیق آباد میں پلاٹ پر مبینہ قبضے کے الزام میں نصیر مہیس، اس کے دو بیٹوں معظم اور مبشر سمیت چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر کی گرفتاری کے لیے قانونی کارروائی جاری ہے۔
ایس ایچ او تھانہ چوبارہ نے میڈیا کو بتایا کہ ملزمان کے خلاف پلاٹ پر غیرقانونی قبضے کی شکایت موصول ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ “مقدمہ مکمل شواہد کی بنیاد پر درج کیا گیا ہے، اور دکانوں پر قبضے کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں پائی گئی۔”
دوسری جانب نصیر مہیس نے مقدمے کو بے بنیاد اور جھوٹا قرار دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ کارروائی دراصل مخالفین کو دکانوں پر قبضہ دلوانے کے لیے کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق وہ اور ان کے بیٹے بے قصور ہیں، اور حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے کیے جا سکیں۔