لیہ (نمائندہ خصوصی) — تھانہ سٹی لیہ کی حدود میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ایک خاتون کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق متوفیہ رمشاء گل، جو کہ شادی شدہ اور تین بچیوں کی ماں تھی، اپنے آبائی علاقے پل ہانس والی میں رہائش پذیر تھی جبکہ اس کا شوہر سعودی عرب میں مقیم ہے۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق رمشاء گل کے بھائی محمد خان نے بتایا کہ وہ اور اس کا رشتہ دار محمد اکرم، متوفیہ کی خیریت جاننے کے لیے گٹانوالی بستی پہنچے تھے۔ اسی دوران ملزم مظہر عباس نے رمشاء گل کو زبردستی اپنی بیٹھک میں لے جانے کی کوشش کی، مزاحمت پر اس نے پستول سے فائر کیا جو خاتون کے چہرے پر لگا۔ زخمی خاتون موقع پر دم توڑ گئی۔
محمد خان کا کہنا ہے کہ قتل کی وجہ ایک ہفتہ قبل پیش آنے والا واقعہ تھا جب ملزم نے مبینہ طور پر رمشاء گل کے ساتھ دست درازی کی کوشش کی تھی، جس پر خاتون نے شور مچایا اور بھاگ نکلی تھی۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال لیہ منتقل کر دیا اور مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ کرائم سین یونٹ اور فرانزک ٹیم کو بھی طلب کر لیا گیا ہے
FIR-1128/25PS City Layyah