لیہ — تھانہ صدر پولیس کی ٹیم پر دو موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے اچانک حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ڈکیتی کا ملزم غلام اکبر شدید زخمی ہو گیا۔ واقعہ فقیراں والا پھاٹک کے قریب پیش آیا۔
پولیس کے مطابق اے ایس آئی ظفر اقبال اپنے عملے کے ہمراہ سرکاری گاڑی میں ڈکیتی کے ملزم غلام اکبر کو برآمدگی کے لیے لے جا رہے تھے کہ اچانک دو موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان نے گاڑی کو روک کر فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے دوران غلام اکبر کو پنڈلی پر گولی لگ گئی، جبکہ پولیس اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
حملہ آور رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ زخمی ملزم کو ڈی ایچ کیو ہسپتال لیہ منتقل کر دیا گیا۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق غلام اکبر کے خلاف مقدمہ نمبر 395/25 بجرم 392 تعزیراتِ پاکستان درج ہے، اور وہ ڈکیتی و گاڑی چوری کے 30 سے زائد مقدمات میں ملوث ہے۔
پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں