دریائے سندھ میں طغیانی کا خدشہ، کمشنر ڈی جی خان کا لیہ کے نشیبی علاقوں کا ہنگامی دورہ
لیہ: ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے ضلع لیہ کے نشیبی علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا۔ حالیہ بارشوں کے بعد دریائے سندھ میں طغیانی کے خدشات کے پیشِ نظر حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
حفاظتی بند اور فلڈ کیمپس کا معائنہ
کمشنر نے بکھری احمد خان میں دریائی کٹاؤ روکنے کے لئے لگائی جانے والی پتھر کی پچنگ کا معائنہ کیا، جبکہ شاہ والا، کھوکھر والا، گجی والا اور چانڈیہ والا کے فلڈ کیمپس بھی وزٹ کیے۔ انہوں نے ریسکیو پوائنٹس، ہیلتھ کیمپس اور ویٹرنری کیمپس کا دورہ کرتے ہوئے وہاں ادویات اور ویکسین کی دستیابی کو تسلی بخش قرار دیا۔

افسران اور محکمے الرٹ
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار، اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شاہد ریاض، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر سجاد احمد اور دیگر محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر نے ریسکیو 1122 کی تیاریوں کو سراہا اور ہدایت کی کہ پانی اترنے تک افسران اور فیلڈ اسٹاف ریسکیو پوائنٹس پر موجود رہیں۔
حکومت پنجاب کی ترجیحات
کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث نئے چیلنجز کا سامنا ہے۔ حکومت پنجاب عوام کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق انتظامیہ مکمل طور پر الرٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 15 اگست کے بعد دریائے سندھ میں طغیانی الارمنگ ہو سکتی ہے، تاہم ضلعی انتظامیہ نے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے بھرپور انتظامات کیے ہیں۔
کسانوں اور عوام کے لئے اقدامات
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ عوام اور مال مویشیوں کے علاج معالجے میں کوئی کمی نہ چھوڑی جائے، جبکہ فصلوں اور مکانات کے نقصانات کا دیانتداری سے سروے کر کے رپورٹ کمشنر آفس کو ارسال کی جائے۔ بعد ازاں انہوں نے ہیڈ ریگولیٹری لالہ کریک کا بھی معائنہ کیا اور کہا کہ پانی کو کنٹرول کر کے قریبی آبادیوں کو محفوظ بنایا جا رہا ہے