لیہ پولیس کی کارکردگی، جولائی 2025: 2 کروڑ روپے سے زائد مالِ مسروقہ برآمد
لیہ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لیہ محمد علی وسیم نے پولیس لائن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ لیہ پولیس نے جولائی 2025 کے دوران بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر سے دو کروڑ روپے سے زائد کا لوٹا ہوا مال برآمد کیا ہے۔

برآمدہ سامان اور گرفتاریاں
ڈی پی او کے مطابق پولیس نے 22 موٹر سائیکلیں، 16 سولر موٹرز، 13 مویشی اور نقدی برآمد کی۔ اس کے علاوہ ایک کار بھی قبضے میں لی گئی۔ پولیس نے 7 ڈکیت اور مویشی چور گینگز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 16 خطرناک ملزمان کو گرفتار کیا۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مجموعی طور پر 231 مقدمات درج کیے گئے۔
اصل مالکان کو حوالگی
پریس کانفرنس کے دوران برآمدہ سامان اصل مالکان کے حوالے کیا گیا، جس پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لیہ پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر ڈی پی او لیہ نے کامیاب کارروائیوں پر پولیس افسران و اہلکاروں میں انعامات اور تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔

رواں سال آٹھویں بڑی تقریب
ڈی پی او محمد علی وسیم نے بتایا کہ رواں سال کے دوران یہ آٹھویں بڑی تقریب ہے، جس میں لیہ پولیس مجموعی طور پر 20 کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری اصل مالکان کے حوالے کر چکی ہے۔
شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے عزم کا اظہار
ڈی پی او لیہ نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال، عزت و آبرو کے تحفظ کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ عوام جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کی نشاندہی کریں، پولیس فوری ایکشن لے گی۔
