لیہ: محکمہ زراعت توسیع کے زیر اہتمام سیمینار، کاشتکاروں کی خوشحالی کے لیے اقدامات پر روشنی
لیہ میں محکمہ زراعت توسیع کے زیر اہتمام زراعت کی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ یہ سیمینار گرین ایگری مال کے تعاون سے منعقد ہوا، جس میں بڑی تعداد میں کاشتکاروں اور محکمہ زراعت کے فیلڈ اسٹاف نے شرکت کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع لیہ شیخ عاشق حسین نے کہا کہ حکومت پنجاب کاشتکاروں کے لیے اربوں روپے کا کسان پیکج فراہم کر رہی ہے، جس کے تحت کاشتکاروں کو گرین ٹریکٹرز، کسان کارڈز، سپر سیڈرز اور جدید مشینری سبسڈی پر دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار ان سہولیات سے فائدہ اٹھانے کے لیے محکمہ زراعت سے قریبی رابطہ رکھیں۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع لیہ محمد طلحہ شیخ نے بتایا کہ حالیہ بارشوں سے کپاس کی فصل پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں، پھل گڈی تیزی سے بن رہی ہے اور موسم بھی موزوں ہے۔ تاہم انہوں نے زور دیا کہ آئندہ چار سے پانچ ہفتے انتہائی اہم ہیں، اس دوران اگر فصل کو کھاد اور پانی کی مناسب منیجمنٹ فراہم کی جائے تو زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے۔
گرین مال کے انچارج محمد آصف کھرل نے کاشتکاروں کو بتایا کہ گرین ایگری مال ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں کاشتکاروں کو ایک ہی چھت تلے ہائی ٹیک مشینری، قرضہ جات، ہیوی ڈیوٹی ٹریکٹرز، ڈرون ٹیکنالوجی، کھاد اور بیج کمپنی ریٹس پر فراہم کیے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر حفیظ الرحمن اسسٹنٹ ڈائریکٹر چوبارہ نے بھی کاشتکاروں کو فصلوں کی بہتر پیداوار کے لیے رہنمائی فراہم کی۔
سیمینار میں شائستہ قصور، محمد اقبال بھٹی، شمشاد حسین سمیت کثیر تعداد میں کسانوں نے شرکت کی اور زرعی سہولیات سے بھرپور استفادہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔