لیہ: بیٹ مونگڑ میں دریائی کٹاؤ روکنے کے لیے ایمرجنسی بنیادوں پر سٹڈ بند بنانے کی ہدایت
ڈپٹی کمشنر لیہ امیرا بیدار نے بیٹ مونگڑ میں دریائے سندھ کے کٹاؤ کو روکنے کے لیے ایمرجنسی بنیادوں پر سٹڈ بند بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبادی، انفراسٹرکچر اور زرعی زمینوں کو کٹاؤ سے بچانے کے ساتھ ساتھ پانی کے بہاؤ میں کمی اور سمت کی تبدیلی کے لیے اگلے ہفتے تک سٹڈ بند کی تعمیر کا آغاز کیا جائے۔
یہ ہدایات انہوں نے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں ایکسیئن انہار عبدالرؤف، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اسحاق کھیرانی، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر سجاد، ڈاکٹر یونس کلیہ اور دیگر متعلقہ افسران شریک تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ساڑھے نو کروڑ روپے کی لاگت سے 10 سٹڈ بند تعمیر کیے جا رہے ہیں، جس سے دریائی کٹاؤ پر مؤثر قابو پایا جا سکے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فنڈز کے لیے فوری طور پر متعلقہ حکام کو مراسلہ بھجوایا جائے اور ایمرجنسی بنیادوں پر کام کا آغاز کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ سٹڈ بند کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا تاکہ مقامی آبادی اور زرخیز زمینوں کو محفوظ بنایا جا سکے


