لیہ: انسداد ڈینگی کمیٹی کا اجلاس، شہریوں کو پیشگی اقدامات کی ہدایت
تحصیل لیہ میں اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان کی زیر صدارت تحصیل لیول انسداد ڈینگی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ محکموں کے افسران کے ساتھ ساتھ محمد شفیق تھند، صدر فیڈریشن نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق انسداد ڈینگی اقدامات کو ہر سطح پر مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈینگی سے محفوظ رہنے کے لیے تمام ادارے اور شہری پیشگی بنیادوں پر الرٹ رہیں اور اپنے ماحول کو خشک اور صاف رکھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں میں ڈینگی سے آگاہی لیکچرز کا انعقاد کیا جائے تاکہ طلبہ نہ صرف خود احتیاطی تدابیر اختیار کریں بلکہ اپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول کو بھی ڈینگی سے پاک رکھنے میں عملی کردار ادا کریں۔
اسسٹنٹ کمشنر نے زور دیا کہ انسداد ڈینگی مہم میں عوامی شمولیت انتہائی اہم ہے۔ ہر شہری اپنی ذمہ داری پوری کرے تاکہ ڈینگی جیسے موذی مرض پر قابو پایا جا سکے۔


