لیہ: آٹے کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے، اے ڈی سی جی شبیر احمد ڈوگر
ڈپٹی کمشنر آفس کمیٹی روم لیہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر کی زیر صدارت آٹے کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر محمد سرور خان، صدر فلور ملز ایسوسی ایشن عرفان الحق، جنرل سیکرٹری محمد شہباز اور فلور ملز ایسوسی ایشن کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی جی شبیر احمد ڈوگر نے کہا کہ ضلع میں گندم اور آٹے کا کوئی بحران نہیں ہے، اس لیے آٹے کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فلور ملز اپنے سٹاک کا مکمل ریکارڈ رکھیں اور اپنی پروڈکشن کیپیسٹی کے مطابق آٹے کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، اس کے لیے ضروری ہے کہ تمام سٹاکسٹ اپنے ذخائر رجسٹرڈ کروائیں اور قانونی طریقہ کار اپنائیں۔
اس موقع پر فلور ملز ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے مختلف تجاویز پیش کیں اور ضلعی انتظامیہ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔


