ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن، پانچ گودام سیل
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر لیہ امیر ابیدار کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر لیہ حارث حمید خان کی سربراہی میں ضلع بھر میں گندم کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئیں۔
اسسٹنٹ کمشنر نے جمن شاہ، کوٹ سلطان اور پہاڑ پور میں مختلف مقامات پر گندم کے گوداموں کا معائنہ کیا۔ چیکنگ کے دوران ذخیرہ اندوزی ایکٹ اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پائی گئی، جس پر کارروائی کرتے ہوئے پانچ گودام سیل کر دیے گئے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلع لیہ میں گندم کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو آٹے اور گندم کی بلا تعطل فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور کسی کو بھی ذخیرہ اندوزی یا منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔


