ضلع لیہ مون سون بارشوں کے نویں اسپیل کی لپیٹ میں ہے اور موسلا دھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے خدشے کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر امیرابیدار نے ہنگامی اقدامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے انتظامی افسران کو ہدایت دی کہ ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیوں کے افسران اور ورکرز فوری طور پر فیلڈ میں پہنچیں اور بارش کے پانی کی نکاسی کا عمل شروع کریں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ لیہ سٹی، کوٹ سلطان، چوک اعظم، کروڑ لعل عیسن اور فتح پور میں سیوریج لائنوں کو ہر صورت بحال رکھا جائے تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ نکاسی آب کے لیے مشینری کو فوری طور پر فیلڈ میں روانہ کیا جائے اور تمام ڈسپوزل ورکس کو فل کپیسٹی پر چلایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے انتظامی افسران کو واضح ہدایت دی کہ جاری آپریشن کی کڑی نگرانی کی جائے تاکہ نکاسی کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جا سکے اور اربن فلڈنگ جیسی صورتحال پیدا نہ ہونے پائے۔
شہریوں نے بھی ضلعی انتظامیہ کی بروقت کارروائی کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ اس بار نکاسی کے اقدامات مؤثر انداز میں کیے جائیں گے۔