ضلع لیہ میں بجلی چوری کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر نے کہا ہے کہ بجلی چوری سنگین جرم ہے اور اس کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے بجلی چوری کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کریں تاکہ حقیقی صارفین کو ریلیف مل سکے۔
یہ بات انہوں نے کمیٹی روم میں ضلعی انسداد بجلی چوری کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر امتیاز احمد، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر گل شیر، انسپکٹرز شاہد عباس اور محمد صادق، جبکہ واپڈا کے نمائندہ شہزاد اسلم نے شرکت کی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے دوران واضح ہدایت دی کہ بجلی چوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری نہ صرف قومی خزانے کو نقصان پہنچاتی ہے بلکہ واپڈا پر اضافی بوجھ ڈالتی ہے جس کے نتیجے میں عام صارفین کو لوڈشیڈنگ جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ رواں ماہ کے دوران 42 بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی گئی ہیں جبکہ مجموعی طور پر 20 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔ اے ڈی سی جی شبیر احمد ڈوگر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بجلی چوری کی روک تھام میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ اس معاشرتی برائی کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔