وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف شیخوپورہ کے علاقے تلوار پوسٹ نو سے واپسی پر راستے میں سبزی اور پھل کے ایک چھوٹے سے اسٹال پر رک گئیں۔ وزیراعلیٰ گاڑی سے اتر کر سٹال پر موجود معمر خاتون دکاندار کے پاس پہنچیں، ان سے ہاتھ ملایا اور محبت سے گلے لگایا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خاتون سے حال احوال بھی دریافت کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اسٹال سے تازہ امرود خریدے اور خود ہی امرود چن کر لفافے میں ڈالے۔ گفتگو کے دوران مریم نواز شریف نے خاتون کو بتایا کہ انہیں امرود بہت پسند ہیں۔ معمر خاتون نے وزیراعلیٰ کو دعا دی اور محبت سے ان کے سر پر ہاتھ رکھ کر پیار دیا۔
مریم نواز شریف کے اس عوامی انداز کو دیکھ کر وہاں موجود شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ ایک عام دکاندار سے قریب ہو کر بات چیت کرنا اور خریداری کرنا وزیراعلیٰ کے عوامی رویے کی عکاسی کرتا ہے۔