چلاس / گلگت بلتستان
پاک فوج کا ایک ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر ضلع دیامر کے علاقے ہُدار میں تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں دو میجرز سمیت پانچ افسران و جوان شہید ہو گئے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حادثہ تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں پائلٹ اِن کمانڈ میجر عاطف، کو پائلٹ میجر فیصل، نائب صوبیدار فلائٹ انجینئر مقبول، کریو چیف حوالدار جہانگیر اور کریو چیف نائیک عامر شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ آرمی ایوی ایشن کے تربیتی مشنز معمول کی سرگرمیوں کا حصہ ہوتے ہیں تاکہ آپریشنل تیاری برقرار رکھی جا سکے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال، جنگی معاونت یا قدرتی آفات کے دوران بروقت کارروائی ممکن ہو۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے حادثے میں افسران و جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے صبر جمیل کے لیے دعا کی ہے۔