ویڈیوز

لیہ میں عالمی یومِ ذہنی صحت کے موقع پر آگاہی تقریب کا انعقاد لیہ — عالمی یومِ ذہنی صحت (World Mental Health Day) کے موقع پر ضلع لیہ میں ایک پُروقار آگاہی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام محکمہ سوشل ویلفیئر، محکمہ صحت، یونیورسٹی آف لیہ اور نرسنگ کالج لیہ کے اشتراک سے کیا گیا، جس میں مختلف طبقاتِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر لیہ امیر ابیدار، اسسٹنٹ کمشنر لیہ حارث حمید خان، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شاہد ریاض، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر صائمہ سیماب، اور پروفیسر حفیظ اللہ تھند نے خصوصی شرکت کی، جبکہ یونیورسٹی آف لیہ، نرسنگ سکول لیہ، اور مختلف تعلیمی اداروں کے اساتذہ، طلبہ، پروفیسرز، ڈاکٹرز، وکلاء اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب کے دوران نرسنگ سکول لیہ اور یونیورسٹی آف لیہ کے طلبہ و طالبات نے ذہنی صحت کی اہمیت پر مبنی خاکے، ڈرامے اور تقاریر پیش کیں، جنہیں شرکاء نے بےحد سراہا۔ بعد ازاں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ، اساتذہ اور تنظیمی نمائندگان میں شیلڈز اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر امیر ابیدار نے کہا کہ: "ذہنی صحت انسانی زندگی کا بنیادی جز ہے۔ ایک متوازن معاشرہ وہی ہوتا ہے جہاں افراد جسمانی کے ساتھ ذہنی طور پر بھی صحت مند ہوں۔” انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں ذہنی دباؤ، تناؤ، ڈپریشن اور اضطراب جیسے مسائل تیزی سے بڑھ رہے ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے عوامی آگاہی اور بروقت علاج ناگزیر ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر صائمہ سیماب نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی یومِ ذہنی صحت منانے کا مقصد لوگوں میں اس احساس کو اجاگر کرنا ہے کہ ذہنی صحت بھی جسمانی صحت جتنی ہی اہم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب اور محکمہ سوشل ویلفیئر اس حوالے سے مختلف پروگرامز اور کونسلنگ سیشنز کا انعقاد کر رہے ہیں تاکہ عوام کو ذہنی دباؤ سے نکلنے میں مدد دی جا سکے۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شاہد ریاض نے کہا کہ ذہنی صحت کی خرابی کا براہِ راست تعلق جسمانی بیماریوں سے بھی ہوتا ہے، اس لیے ہمیں معاشرتی سطح پر ایسے ماحول کو فروغ دینا ہوگا جہاں لوگ کھل کر بات کر سکیں اور مدد حاصل کرنے سے نہ ہچکچائیں ذہنی صحت سے مراد انسان کے خیالات، احساسات اور رویوں کا وہ توازن ہے جو اسے روزمرہ زندگی کے دباؤ سے مؤثر انداز میں نمٹنے، دوسروں کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنے اور مثبت فیصلے کرنے کے قابل بناتا ہے۔ عالمی ادارۂ صحت (WHO) کے مطابق، دنیا بھر میں ہر چار میں سے ایک شخص زندگی کے کسی نہ کسی مرحلے پر ذہنی یا نفسیاتی دباؤ کا شکار ہوتا ہے۔ ڈپریشن، اینگزائٹی، سٹریس اور سوشل آئسولیشن جیسے مسائل تیزی سے عام ہوتے جا رہے ہیں، جن کے لیے بروقت آگاہی، کونسلنگ، اور معاشرتی تعاون ضروری ہے۔ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر تحسین اختر، سائیکالوجسٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لیہ نے تمام معزز مہمانوں، طلبہ اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ: "ذہنی صحت ایک ایسا موضوع ہے جس پر کھل کر بات کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم سب کو اپنے اردگرد کے لوگوں کے احساسات کو سمجھنے اور اُن کی مدد کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ آگاہی، توجہ اور ہمدردی ہی ذہنی سکون کا پہلا قدم ہیں۔” ڈاکٹر تحسین اختر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لیہ مستقبل میں بھی ذہنی صحت سے متعلق آگاہی پروگرامز کا سلسلہ جاری رکھے گا تاکہ ایک صحت مند، مثبت اور باشعور معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔

https://youtu.be/j3bA3w_jk-o?si=UlSKFRJ76lVlyxJR

Page 2 of 4 1 2 3 4

تازہ ترین