پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 38واں اجلاس منعقد ہوا جس میں عوامی فلاح، صحت، امن و امان، سیاحت اور جنگلات کے شعبوں سے متعلق متعدد اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں مختلف محکموں کی جانب سے بریفنگز پیش کی گئیں اور کئی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے صوبائی حکومت کے لئے ایک جامع کمیونیکیشن اسٹریٹجی کی منظوری دی۔ اجلاس میں پی ڈی ایم اے کو باجوڑ کے بے گھر خاندانوں کی امداد کے لیے 1247.5 ملین روپے کی گرانٹ دینے کی منظوری دی گئی۔ اس کے ساتھ پشاور میں ملک سعد شہید پولیس لائن کی دوبارہ تعمیر، نئے تھانے اور چوکیوں کے قیام کی منظوری بھی دی گئی جبکہ نوشہرہ کے علاقے اکبرپورہ میں نیا تھانہ قائم کرنے کے لیے زمین فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں صوابی کی سب جیل کو ڈسٹرکٹ جیل کا درجہ دینے کی منظوری دی گئی جس کے تحت قیدیوں اور پوسٹوں کی منتقلی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ مانسہرہ کے اوگی ہسپتال کو کیٹیگری-ڈی ہسپتال میں اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ کالاش اور بہائی برادری کے مذہبی تہواروں کے لئے خصوصی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔
عوامی ٹرانسپورٹ کے شعبے میں کابینہ نے بی آر ٹی منصوبے کے لئے مزید 50 بسوں کی خریداری کی منظوری دی۔ سیاحت کو فروغ دینے کے لئے نوشہرہ میں ملک کے سب سے بڑے سفاری پارک کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی ٹانک بند پیرو میں 14 ہزار 718 ایکڑ زمین محکمہ جنگلات کو جنگلات اگانے کے لئے فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔

ثقافت کے فروغ کے لئے ڈیرہ اسماعیل خان میں واقع تاریخی چشمہ ریسٹ ہاؤس کو محکمہ آثار قدیمہ کے حوالے کرنے اور اسلام آباد میں خیبرپختونخوا آرٹس اینڈ کرافٹس ڈسپلے سنٹر قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ڈیموں والے اضلاع کا نیٹ ہائیڈل پرافٹ کا حصہ 10 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کر دیا جائے۔
ہیلتھ کیئر کمیشن رولز اور ویمن کمیشن رولز میں ترامیم، اسٹامپ ایکٹ 1899 میں ترامیم اور کم از کم اجرت کو 36 ہزار روپے سے بڑھا کر 40 ہزار روپے ماہانہ کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں نادرا آفس قائم کرنے کے لئے عمارت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ گردے کی پیوند کاری کے لئے ایک مریض کو 60 لاکھ روپے امداد دینے کی منظوری دی گئی۔

کھیلوں کے فروغ کے لئے صوبائی دستے کی اسلام آباد نیشنل یوتھ گیمز 2025 میں شمولیت کے لئے فنڈ کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں افغانستان کے زلزلہ متاثرین کو راشن کی مد میں 10 کروڑ روپے امداد دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
کابینہ کو گندم اور دیگر اجناس کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ صوبے میں گندم کے ذخائر اطمینان بخش ہیں، مزید خریداری ضرورت کے مطابق کی جائے گی۔ اجلاس میں ملک میں حالیہ سیلابی صورتحال اور افغانستان میں زلزلے کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
.These all photos’ are from a post of KPK Assembly Facebook page