وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے طلباء کے لیے خصوصی پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔ پیکیج کے تحت متاثرہ اضلاع کے تمام طلباء کی ایک سمسٹر کی فیس معاف کر دی گئی ہے۔
مزید برآں، بی ایس فرسٹ ایئر کے طلباء کی داخلہ فیس بھی معاف کر دی گئی ہے، جبکہ مظفرگڑھ، ملتان، لودھراں، وہاڑی، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، چنیوٹ اور قصور کے سال اول کے طلباء کو اس سہولت سے مستفید کیا گیا ہے۔
متاثرہ اضلاع میں قائم تمام یونیورسٹیوں میں رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں 20 دن کی توسیع کر دی گئی ہے، جبکہ ہونہار اسکالرشپ کے لیے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ ایک ماہ کے لیے بڑھا دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ یہ پیکیج سیلاب متاثرہ طلباء کے والدین کی مالی مشکلات کم کرنے اور نوجوانوں کی تعلیم میں سہولت فراہم کرنے کے لیے دیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے باوجود بچوں کی تعلیم متاثر نہیں ہونے دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد جاری ہے اور حکومت جلد بحالی و نقصانات کے ازالے کے لیے ہر سطح پر اقدامات کر رہی ہے۔