لیہ: ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے ایک اہم فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت صوبہ پنجاب کے تمام سرکاری و نجی سکولوں میں پانچ مختلف رنگوں کے کوڑا دان رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز محمد رضوان، رخسانہ کوثر، پرنسپلز طاہر ذوالفقار، ارم رضوان، اکرم جاوید، محمد احمد سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں فیڈریشن آف پرائیویٹ سکولز کے ضلعی صدر محمد شفیق تھند اور ایگزیکٹو ممبر نیاز کھرانی نے بھی خصوصی شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی جی شبیر احمد ڈوگر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ماحولیات کے تحفظ اور صفائی کے بہتر انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے یہ قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ رنگوں کے کوڑا دانوں کی تنصیب سے نہ صرف سکولوں میں صفائی کے معیار میں بہتری آئے گی بلکہ طلبہ میں کوڑا کرکٹ کی علیحدگی، ری سائیکلنگ اور ماحولیاتی آگاہی کے شعور کو بھی فروغ ملے گا۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ سکولوں میں اساتذہ اور طلبہ کو ویسٹ مینجمنٹ کے بارے میں آگاہ کرنے کے لیے خصوصی سیمینارز، آگاہی واکس اور تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، تاکہ نئی نسل کو ماحول دوست عادات اپنانے کی ترغیب دی جا سکے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات محمد ارشد چغتائی نے بتایا کہ مختلف رنگوں کے ڈبوں کو مخصوص اقسام کے کچرے کے لیے مختص کیا جائے گا۔ ان کے مطابق سبز رنگ کا ڈبہ نامیاتی یا کچن ویسٹ کے لیے، نیلا رنگ کاغذ کے کچرے کے لیے، پیلا رنگ پلاسٹک کے لیے، سرخ رنگ خطرناک یا بایو میڈیکل ویسٹ کے لیے جبکہ سیاہ رنگ عام یا مخلوط کچرے کے لیے استعمال ہوگا۔
ماہرین تعلیم اور ماحولیات کے مطابق یہ اقدام مستقبل میں نہ صرف سکولوں بلکہ معاشرے میں بھی ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے کی بنیاد فراہم کرے گا۔