لیہ: ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی ہدایت پر ضلع بھر میں مین ہولز کے ٹوٹے اور غائب ڈھکن تبدیل کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے سختی سے واضح کیا ہے کہ ضلع کے کسی بھی علاقے میں مین ہول بغیر ڈھکن کے نہیں رہنا چاہیے۔

انہوں نے میونسپل کمیٹیوں اور ضلع کونسل کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر مین ہولز کا مکمل سروے کریں اور جہاں کہیں ڈھکن ٹوٹے ہوئے یا اوپن مین ہول موجود ہیں، وہاں فوری طور پر نئے ڈھکن لگائے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے یہ بھی حکم دیا کہ متعلقہ محکمے اور افسران مین ہولز کورنگ کا سرٹیفکیٹ ڈی سی آفس میں جمع کروائیں، تاکہ اس عمل کی شفافیت اور مکمل نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر اوپن مین ہولز کی وجہ سے کسی بھی قسم کا حادثہ پیش آیا تو متعلقہ افسران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں متعلقہ اداروں نے ڈھکن لگانے کی رفتار مزید تیز کر دی ہے تاکہ شہریوں کو کسی ممکنہ حادثے سے محفوظ رکھا جا سکے۔