لیہ —
ایڈیشنل کنٹرولر سول ڈیفنس / اے ڈی سی جی شبیر احمد ڈوگر کی زیر صدارت سول ڈیفنس میں شمولیت کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر عبدالرشید خان، سول ڈیفنس آفیسر محمد توقیر عباس، ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر نبیل احمد، غلام عباس بھٹی، صدر انجمن تاجران لیہ اظہر ہانس، صدر انجمن تاجران کروڑ عبدالمنان چوہدری سمیت دیگر نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شبیر احمد ڈوگر نے کہا کہ سول ڈیفنس کے رضاکار قوم و ملک کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ رضاکارانہ طور پر سول ڈیفنس کا حصہ بننا دراصل خدمتِ وطن اور جذبۂ ملی کا عملی ثبوت ہے۔ قدرتی آفات یا کسی بھی ہنگامی صورتحال میں سول ڈیفنس کے رضاکار عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے بروقت پہنچ کر بڑے پیمانے پر نقصانات سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہری زیادہ سے زیادہ رجسٹریشن کر کے سول ڈیفنس میں اپنی شمولیت یقینی بنائیں۔ سول ڈیفنس کے پلیٹ فارم سے رضاکاروں کو مختلف فنی اور عملی تربیت فراہم کی جاتی ہے جو نہ صرف دوسروں کی جانیں بچانے بلکہ اپنی اور اپنے خاندان کی حفاظت کے لیے بھی معاون ثابت ہوتی ہے۔ یہ تربیت نوجوانوں کے لیے کیریئر کے مواقع پیدا کرنے اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کا ذریعہ بھی ہے۔