لیہ:
ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے تحصیل کروڑ واڑہ گشکوری میں سول ویٹرنری ڈسپنسری کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد ملک، اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر طارق گدارہ، ایکسین انہار عبدالروف، ملازم حسین خان گشکوری، شاہد ملازم خان اور دیگر معززین موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے فیتہ کاٹ کر ڈسپنسری کا باضابطہ افتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے میں عوامی فلاح و بہبود اور لائیو اسٹاک کی ترقی کے لیے نمایاں اقدامات جاری ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے دیہی معیشت کی ترقی کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیا ہے۔ صوبے بھر میں ڈسپنسریوں کے قیام اور جدید سہولیات کی فراہمی انہی عملی اقدامات کا تسلسل ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ اس ڈسپنسری کے قیام سے دور دراز علاقوں میں بسنے والے کسانوں کو اپنے مویشیوں کے علاج و معالجے کی سہولت ان کی دہلیز پر ہی میسر آئے گی۔ اس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ مویشیوں کو بروقت علاج ملنے سے ان کی صحت بہتر ہوگی، دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور کسان معاشی طور پر زیادہ مستحکم ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ صحت مند مویشی زراعت کی ترقی اور ملکی معیشت کے استحکام کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اس حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے لائیو اسٹاک سیکٹر کی بہتری کے لیے انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ نئی ڈسپنسری کا قیام کسانوں کی خوشحالی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ایک تاریخی پیش رفت ہے۔
دریں اثناء ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے لالہ کریک پر سٹون پچنگ کے منصوبے کا بھی افتتاح کیا، جس سے قریبی آبادیوں کو سیلابی پانی سے محفوظ رکھنے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر ایکسین انہار عبدالروف نے منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی۔