لیہ:
ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی ہدایت پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت محمد طلحہ شیخ نے ضلع لیہ کے مختلف علاقوں میں کھاد فروخت کرنے والی مارکیٹوں کا معائنہ کیا۔ اس دوران پیر جگی شریف، لدھانہ اور جمن شاہ میں کھاد کے متعدد نمونے حاصل کیے گئے، جن میں مائیکرو نیوٹرینٹ، زنک، امونیم سلفیٹ، پوٹاش، گوارا اور یوریا شامل ہیں۔ تمام نمونے کوالٹی چیک کے لیے لاہور اور ڈیرہ غازی خان کی لیبارٹریز بھجوا دیے گئے ہیں۔

محمد طلحہ شیخ نے بتایا کہ جیسے ہی لیبارٹری ٹیسٹ رپورٹس موصول ہوں گی، اس کے بعد مزید قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جن کمپنیوں کے سیمپل پہلے سے ہی غیر معیاری ثابت ہو چکے ہیں ان کے خلاف مقدمات تیار کر کے عدالتوں میں بھجوا دیے گئے ہیں تاکہ ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ جعلی اور غیر معیاری کھاد و زرعی ادویات کے کاروبار کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ یہ نہ صرف کسانوں کی محنت کو ضائع کرتی ہیں بلکہ فصلوں کی پیداوار کو بھی بری طرح متاثر کرتی ہیں۔ انہوں نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ مستند ڈیلرز سے ہی کھاد اور زرعی ادویات خریدیں اور کسی مشکوک مصنوعات کی اطلاع فوری طور پر محکمہ زراعت کو دیں۔