ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق 26 جون سے اب تک جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 907 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 1 ہزار 44 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اعدادوشمار کے مطابق سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں ہوئیں جہاں 502 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ پنجاب میں 233، سندھ میں 58، گلگت بلتستان میں 41، آزاد کشمیر میں 38 جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 9 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔
زخمیوں کی تعداد کے حوالے سے پنجاب میں 654، خیبرپختونخوا میں 218، سندھ میں 78، گلگت بلتستان میں 52، آزاد کشمیر میں 34 اور اسلام آباد میں 3 افراد متاثر ہوئے۔

سیلاب اور بارشوں سے مکانات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 7 ہزار 848 گھروں کو نقصان پہنچا جن میں سے 5 ہزار 903 جزوی طور پر اور 1 ہزار 945 مکمل طور پر تباہ ہوئے۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں 6 ہزار 180 مویشی بھی بارشوں اور سیلابی ریلوں کی نذر ہوگئے۔

ماہرین کے مطابق اس سال مون سون بارشوں کی شدت گزشتہ کئی دہائیوں میں سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث زراعت، مواصلات اور روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف کی کارروائیاں جاری ہیں تاہم بڑے پیمانے پر بحالی کے اقدامات وقت طلب ہیں۔